نیویارک 20 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام پر دو ماہ بعد دوبارہ مذاکرات شروع ہو گئے۔ امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہمیں مذاکرات سے زیادہ امید نہیں رکھنی چاہئے اور یہ انتہائی سخت مرحلہ ہو گا۔ آئندہ ہفتے تک جاری رہنے والے مذاکرات سے کوئی خاص امید نظر نہیں آ رہی اور دونوں اطراف پر خلا کو دور کرنے کیلئے دبائو بڑھتا جا رہا ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن اور ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے درمیان اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں مذاکرات ہوئے جس میں ایران سمیت چھ عالمی طاقتیں بھی شریک رہیں۔ ایران، برطانیہ، چین، فرانس، روس، امریکہ اور جرمنی کے درمیان جولائی کے بعد ہونے والی یہ پہلی ملاقات تھی۔