واشنگٹن ۔8 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے کارکن ڈاکٹر فرہاد میسامی کی خرابی صحت کے پیش نظر انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے ۔ امریکی وزارت خارجہ کی سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ہم انسانی حقوق کے کارکن ڈاکٹر فرہاد میسامی کی خرابی صحت کی وجہ سے بہت فکر مند ہیں۔ ایرانی حکومت نے میسامی کو ایرانی خواتین کے حقوق کی پرامن طور پر حمایت کرنے کی وجہ سے گرفتار کیا تھا۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایران سے ڈاکٹر میسامی اور غیرمنصفانہ طریقہ سے قیدی بنائے گئے تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ وزارت نے کہا کہ ڈاکٹر میسامی اپنی گرفتاری کے خلاف گزشتہ چار ماہ سے بھوک ہڑتال پر ہیں اس لئے ان کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ ان کی گرفتاری انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ ایران کے لوگوں کو ایسی حکومت ملنی چاہئے جو انسانی حقوق کا احترام کرے۔