ایرانی نیوکلیر پروگرام پر مذاکرات کا اہم مرحلہ

ویانا 22 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران کے ساتھ نیوکلیر مسئلہ پر 12 سال سے جاری تنازعہ کو ختم کرنے بین الاقوامی بات چیت کا عمل تعطل کا شکار تھا اور اب یہ آخری اور اہم مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے ۔ اس مسئلہ پر کسی سمجھوتہ تک پہنچنے کی قطعی مہلت 24 نومبر بھی قریب آتی جا رہی ہے ۔ بات چیت کے اہم مرحلہ کو واضح کرتے ہوئے امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کل رات یہاں آسٹریا کے دارالحکومت میںدیر گئے تک مذاکرات میں مصروف رہے تاکہ ایک سال سے جاری بات چیت کے عمل میںتعطل کو ختم کیا جاسکے ۔ فریقین نے اعتراف کیا ہے کہ مذاکرات میں ہنوز خلیج پائی جاتی ہے اور کسی تاریخی معاملت کیلئے کوششیں بہرحال جاری ہیں۔ مغربی ممالک کا اصرار ہے کہ کوئی ایسا معاہدہ ہوجائے جس کے نتیجہ میں ایران اپنی نیوکلیر سرگرمیوں میں کمی کرے جس کے بدلے میں مغربی ممالک ایران پر عائد کردہ معاشی تحدیدات میں نرمی پیدا کریں گے ۔ ابتداء میں جان کیری مشاورت کیلئے پیرس جانا چاہتے تھے۔ تاہم بات چیت کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے وہ رات میں ویانا ہی میں رکے رہے ۔