حیدرآباد ۔ /8 جولائی (سیاست نیوز) ایرانڈیا کی ملازمہ کے طلائی زیورات اور نقد رقم لوٹنے کے واقعہ میں ملوث آٹو ڈرائیور کو ویسٹ زون پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ 57 سالہ پی ریڈی سیمانتنی جو ایرانڈیا میں کسٹمرس سرویس کی ملازمت کرتی ہے /5 جولائی کو رات 8 بجے وہ وشاکھاپٹنم سے بذریعہ فلائیٹ شمس آباد ایرپورٹ پہونچ کر پشپک بس میں سوار ہوکر مہدی پٹنم سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل پہونچی ۔ جہاں پر اس نے محمد اکبر عرف عمر کے آٹو میں مراد نگر جانے کیلئے سوار ہوئی ۔ آٹو ڈرائیور اکبر نے ریتو بازار گڈی ملکاپور کی سمت جانے کے بجائے آندھرا فلور ملس کی سمت جانے لگا اور سمانتنی نے آٹو روکنے کیلئے کہا لیکن اکبر نے پلر نمبر 21 کے قریب لے جاکر اس پر اچانک حملہ کردیا اور اس کے ہاتھوں میں موجود طلائی چوڑیاں ، ٹاپس ، طلائی چین ، سیمسنگ گیلاسی ٹیاب لوٹ کر وہاں سے فرار ہوگیا ۔ ہمایوں نگر پولیس نے ایرانڈیا کی ملازمہ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا اور تحقیقات کے دوران محمد اکبر عرف عمر کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا جس پر اسے فوری حراست میں لے لیا گیا ۔ مسٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ آٹو ڈرائیور سابق میں دو مقدمات میں ملوث ہے جس میں 2013 ء میں اس کی پہلی بیوی مشتبہ طور پر خودسوزی کرنے کے بعد آصف نگر پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ آٹو ڈرائیور بیدر میں کسی قسم کی واردات انجام دیتے ہوئے ایک خاتون کے طلائی زیورات لوٹ لئے تھے ۔ ہمایوں نگر پولیس گرفتار آٹو ڈرائیور کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔