ایتھوپین ائیر لائن فلائٹ کے مسافر و عملہ محفوظ

جنیوا ، 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سوئس حکام نے ایتھوپین ایئر لائن کے طیارے کے ہائی جیکر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ طیارہ اٹلی کے دارالحکومت روم جا رہا تھا اور اسے زبردستی جنیوا کے ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔ سوئس پولیس کے مطابق آج جب ایتھوپین ایئرلائن کی روم جانے والی فلائٹ ET702 کا رُخ جنیوا ایئرپورٹ کی جانب موڑا گیا تو اس وقت جہاز کے اندر ’’صورتحال قابو میں تھی‘‘۔ قبل ازیں ایئرلائن کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے روانہ ہونے والی فلائٹ کو ’زبردستی‘ جنیوا کی طرف موڑا گیا۔ ایتھوپیا کی حکومت کے ایک ترجمان رضوان حسین نے خبر رساں ادارہ روئٹرز کو بتایا کہ نیشنل ایئر لائن کی پرواز ادیس ابابا سے روم جا رہی تھی اور راستے میں شیڈول کے مطابق سوڈانی دارالحکومت خرطوم کے ہوائی اڈے پر رکی تھی۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ ہائی جیکر یا ہائی جیکرز ممکنہ طور پر وہیں سے جہاز میں سوار ہوئے۔ حکومتی ترجمان نے ہائی جیکر کی گرفتاری کے اعلان سے کچھ دیر قبل روئٹرز کو بتایا، ’’ہمیں یہ نہیں معلوم کہ ہائی جیکرز کا تعلق کہاں سے ہے اور وہ تعداد میں کتنے ہیں تاہم لگتا یہی ہے کہ یہ خرطوم سے سوار ہوئے۔‘‘ ایتھوپین ایئرلائن کی اس فلائٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان گفتگو کی ریکارڈنگ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کی گئی ہے جس میں سیاسی پناہ کا مطالبہ واضح طور پر سنا جا سکتا ہے۔