ایتھنز۔31 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) یونانی دارالحکومت ایتھنزکے قریب لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد 91 ہو گئی ہے۔ آگ بجھانے والے ادارے کا کہنا ہے کہ25 افراد تاحال لا پتہ ہیں جن کی تلاش بدستور جاری ہے۔ ادارے کی ترجمان استرا ولا مالیری نے بتایا ہے کہ آتشزدگی کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے 59 افراد کی شناخت کرلی گئی جن کی آخری رسومات کا آغاز ہو چکا ہے۔ یاد رہے کہ ایتھنز سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پرجنگل میں لگنے والی آگ تیز ہواؤں کی وجہ سے زورپکڑ گئی جس کے نتیجے میں 180سے زائد افراد زخمی ہوئے اور متعدد مکانات اور گاڑیاں بھی جل گئیں۔
جب برطانوی خارجہ سیکریٹری نے
اپنی چینی اہلیہ کو جاپانی کہا
بیجنگ۔31 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے نئے خارجہ سیکریٹری جیرمی ہنٹ کی چینی حکام سے ملاقات کے دوران زبان پھسل گئی، وہ اپنی چینی اہلیہ کو غلطی سے جاپانی کہہ گئے ، جس کے بعد ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔بیجنگ میں چینی حکام سے ملاقات کے دوران جیرمی ہنٹ چین سے اپنے تعلق کا تذکرہ کر رہے تھے کہ اپنی چینی اہلیہ کو غلطی سے جاپانی کہہ بیٹھے ۔برطانوی وزیر خارجہ کا یہ کہنا ہی تھا کہ میٹنگ ہال میں موجود تمام افراد نے ہنسنا شروع کردیا، فوری طور پر جیرمی ہنٹٹ اپنی غلطی درست کرتے ہوئے خود بھی مسکرا اٹھے ۔انہوں نے معذرت کی اور جملہ درست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ چینی ہیں اور ان کے چین کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔