لندن ۔ 30 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ایبولا وائرس کے خلاف تجرباتی دوا کو ’مکمل طور پر‘ کارگر پایا گیا ہے۔ یہ بات اس دوا کے بندروں پر کئے گئے ایک تجربے کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس پیش رفت کا اعلان برطانوی جریدے نیچر میں کیا گیا ہے۔اس دوا کو Zmapp کا نام دیا گیا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بندروں پر اس کے کامیاب تجربے سے اسے وسیع پیمانے پر مریضوں کو فراہم کرنے کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ دُور ہو گئی ہے۔بندروں پر کامیاب تجربے کی خبر جمعہ 29 اگست کو برطانوی جرنل نیچر کے آن لائن ایڈیشن میں دی گئی۔ اس میں پبلک ہیلتھ ایجنسی آف کینیڈا کے محققین نے بتایا کہ 18 بندروں کو ایبولا کی اس دوا کی بھاری خوراکیں دی گئیں اور وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض بندروں کو وائرس میں مبتلا ہونے کے پانچ روز بعد دوا دینے پر بھی مثبت نتائج سامنے آئے۔محققین کے مطابق اس تجربے میں تین متاثرہ بندروں کو دوا نہیں دی گئی جو آٹھ روز میں ہلاک ہو گئے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غیرجانبدار ماہرین نے اس پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے۔