جنیوا ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) مغربی افریقہ میں ایبولا وائرس سے متاثر ہوکر 12000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ عالمی تنظیم صحت نے آج کہا کہ یہ تعداد ڈسمبر 2013 ء سے آج تک کی ہے۔ 2200 سے زیادہ افراد بیمار ہیں۔ عہدیدار وباء پر قابو پانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، جس کا آغاز گنی سے ہوا اور جو لائبیریا ، سیرالیون اور نائجیریا میں پھیل گئی ہے۔ بیمار اور ان سے ربط میں رہنے والے افراد کو قرنطینا میں رکھا جارہا ہے اور ان کے سفر پر تحدیدات عائد کی گئی ہیں۔ بعض اوقات پورے دیہاتوں اور ملکوں کو بھی وباء پھیلنے کی صورت میں الگ تھلگ کردیا جاتا ہے ۔ عہدیداروں نے انتباہ دیا کہ غذا کی سربراہی بھی ان پابندیوں سے متاثر ہوسکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے غذائی پروگرام کی جانب سے آئندہ تین ماہ میں 10 لاکھ افراد کو غذا سربراہ کرنے کا پروگرام ہے۔