ایبولا وائراس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ ہزار سے متجاوز

جنیوا ،13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایبولا وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مغربی افریقی ممالک سے پھوٹنے والی اس مہلک وبا میں اب تک چودہ ہزار سے زائد افراد مبتلا ہوچکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق افریقہ کے جن ممالک میں اس وباء سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں، وہاں صورتحال میں کچھ بہتری پیدا ہوئی ہے، تاہم بتایا گیا ہے کہ اس وائرس پر مکمل قابو پانے کیلئے ابھی مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

مشرقی یوکرائن کی صورتحال پر تشویش
واشنگٹن، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے نائب سکریٹری جنرل ژینس آندریاس ٹوائے برگ فرانڈزن نے گزشتہ روز یہاں کہا کہ اس علاقے میں پھر بڑے پیمانے پر لڑائی شروع ہو سکتی ہے۔ سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد انہوں نے یہ بھی کہا کہ صورتحال تباہ کن ہو سکتی ہے۔ مشرقی یوکرائن میں روسی فوج کشی کی خبروں کے بعد امریکہ اور نیٹو نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔