ایئرایشیا طیارہ کی دُم کا حصہ مل گیا

جکارتہ ۔ 7 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام) ایرایشیاء کا حادثہ سے دوچار ہوئی QZ-8501 فلائیٹ جو بحیرہ جاوا میں غرق ہوچکی ہے ، غوطہ خوروں کے ذریعہ اس کی تلاشی میں شدت کے بعد سرچ ٹیم کے سربراہ نے طیارہ کی دُم کا حصہ دستیاب ہونے کا ادعا کیا۔ بمبانگ سولیٹیو نے جکارتہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سرچ ٹیم کو طیارہ کی دم کا حصہ مل گیا ہے جو سرچ ٹیم کا اصل نشانہ تھا یعنی طیارہ کی دم کا حصہ حاصل ہونا بہت ضروری تھا ۔ انھوں نے کہا کہ زیرسمندر طیارہ کے ملبہ کی تصاویر دیکھنے کے بعد انھیں یقین تھا کہ طیارہ کی دم کا حصہ ضرور ملے گا ۔ News.com.au کے مطابق بھی طیارہ کی دم پر ایرلائنز کا نام پینٹ کیا ہوا ہے ۔ اس اہم دستیابی کے بعد تحقیقات میں مزید پیشرفت ہوسکتی ہے کیونکہ کسی بھی طیارہ کی دم کا حصہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ اُس حصے میں طیارہ کا فلائیٹ ریکارڈر یا بلیک باکس موجود ہوتا ہے جو حادثہ کی وجوہات پر روشنی ڈالنے کیلئے ایک اہم ثبوت ہوتا ہے ۔