اہم مطالبات تسلیم کئے جانے بھوپال گیس متاثرین کا دعویٰ

نئی دہلی ۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بھوپال گیس سانحہ کے متاثرین نے آج دعویٰ کیا ہیکہ حکومت نے متاثرین کو زائد معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ تسلیم کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں مرکزی حکومت کی جانب سے دائر کردہ کیوریٹو درخواست میں اعدادوشمار درست کرنے سے بھی اتفاق کیا ہے۔ بھوپال گیس پیڑت مہیلا اسٹیشنری کرمچاری سنگھ کی رشیدہ بی نے کہا کہ اب انہیں ایک لاکھ روپئے زائد معاوضہ دیا جائے گا جس سے پہلے انکار کیا جارہا تھا۔ اس سانحہ میں بچ جانے والی 5 خواتین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مہلوکین اور زخمیوں کو کے تجزیہ کیلئے ہاسپٹل ریکارڈ اور سائنٹفک ریسرچ پر اکتفا کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ بھوپال گیس پیڑت نیرشرت پنشن بھوگی سنگھرش مورچہ کے بال کرشنا نے بتایا کہ کیوریٹو درخواست میں جو اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں وہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے اعداد و شمار سے کافی کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے سپریم کورٹ میں ترمیم شدہ درخواست جلد از جلد داخل کرنے سے بھی اتفاق کیا ہے۔