اگر مودی دوبارہ وزیراعظم نہ بنیںتو ملک کیلئے خطرناک ہوگا

ملک کے مفاد میں جرأت مندانہ اقدامات کرنے والے مودی واحد شخص : ہیمامالینی

’’ہمارے وزیراعظم چوکیدار ہیں اور میں چوکیدارنی ‘‘
متھرا۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ سے سیاست داں بننے والی ہیما مالینی نے آج کہا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی دوبارہ منتخب ہوکر ملک کی باگ ڈور نہیں سنبھال پائے تو یہ ملک کیلئے خطرناک ہوگا۔ بقول ان کے انہوں نے وہی کیا جو ملک کے مفاد میں بہتر سمجھا اور دوسری بات یہ ہے کہ وہی ایک تنہا شخص ہیں جو ملک کیلئے کچھ کر گزرنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ ہیما مالینی جو متھرا سے دوسری بار لوک سبھا کی بی جے پی کی امیدوار ہیں، نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک پہلو ہے کہ مودی ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے شب و روز مصروف ہیں، مگر اپوزیشن جماعتوں کو یہ چیزیں پسند نہیں ہیں۔ ایک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے مزید کہا کہ ملک کے پاس مودی کو دوبارہ اقتدار حوالے کرنے کے علاوہ کوئی آپشن ہی نہیں ہے، چونکہ اگر ان کے علاوہ کوئی دوسرا کامیاب ہوتا ہے تو یہ ملک کیلئے خطرناک بات ہوگی۔ مودی حکومت کے ذریعہ جاری کئے گئے مختلف اسکیمات اور دفاعی مورچوں پر کئے گئے مختلف اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیشرو حکومتیں ان اقدامات کو روبہ عمل لانے کی جرأت نہیں کرسکتی تھیں۔ یہ افسوسناک بات ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو وزیراعظم کا ہر قدم تنقید و تشنیع کا نشانہ بنتا ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ وہ اپنے نام کے آگے چوکیدار لفظ کا اضافہ کیوں نہیں کیا تو انہوں نے کہا کہ کیوں نہیں میں بھی چوکیدارنی ہوں، اور ہمارے وزیراعظم چوکیدار ہیں۔