اکریساٹ کی جانب سے کسانوں کی سہولت کیلئے فیابلیٹ متعارف

حیدرآباد 30 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) انٹرنیشنل کراپ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ( اکریساٹ ) کی جانب سے کسانوں کیلئے کم قیمت کا ایک فون اور ٹیبلیٹ تیار کیا گیا ہے جسے فیابلیٹ کا نام دیا گیا ہے ۔ اکریساٹ کے ڈائرکٹر جنرل ولیم ڈار نے کل اس فیابلیٹ کی لانچنگ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجہ میں کسانوں کو معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی جو چھوٹی اراضیات پر کاشت کاری کرتے ہیں۔ انہیں اس کے ذریعہ مارکٹوں سے جوڑا جائیگا تاکہ وہا پنی پیداوار کی اچھی قیمت حاصل کرسکیں۔ اس فیابلیٹ کی قیمت جملہ 299 ڈالرس رکھی گئی ہے جسے اکریساٹ کے مرکز برائے مہارت نے تیار کیا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ اس فیابلیٹ کو موبائیل ولیج نالج سنٹر کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جس سے کسان مستفید ہوسکتے ہیں اور اس کے نتیجہ میں دور دراز کے دہی علاقوں تک انٹرنیٹ رابطہ بڑھیگا ۔اس سے کسان برادری کو معلومات کے حصول میں مدد مل سکتی ہے ۔