نئی دہلی 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے کرناٹک اسمبلی میں کل یدی یورپا حکومت کی اکثریت ثابت کرنے رائے دہی کے ضمن میں چار واضح ہدایات جاری کئے ہیں۔ اکثریت کے امتحان میں عدالت نے اپنے حکم میں ان چار اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے عبوری اسپیکر کے فی الفور تقرر کی ہدایت کی۔ تمام منتخب ارکان کی حلف برداری کی تکمیل کی جائے۔ یہ عمل اکثریت ثابت کرنے 4 بجے شام ہونے والی رائے دہی سے قبل مکمل کرلیا جائے۔ جسٹس اے کے سکری، جسٹس ایس اے بوبڈے اور جسٹس اشوک بھوشن پر مشتمل بنچ نے حکم دیا کہ خاطر خواہ سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور کرناٹک ڈی جی پی کی نگرانی میں انتظامات کئے جائیں تاکہ ان میں کوئی کمی یا کوتاہی نہ ہوسکے۔ بنچ نے چیف منسٹر کی حاضری کے بارے میں سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی کے اس بیان کا بھی نوٹ لیاکہ اکثریت ثابت کرنے کل 4 بجے شام رائے دہی ہوگی چنانچہ چیف منسٹر کی طرف سے کوئی اہم پالیسی بیان نہ دیا جائے۔ سپریم کورٹ کے حکم مورخہ 17 مئی پر تعمیل کرتے ہوئے روہتگی نے یدی یورپا کی پارٹی کی طرف سے گورنر کے نام 15 اور 16 مئی کو روانہ کردہ مکتوبات کی نقول آج عدالت عظمیٰ میں پیش کیا۔