اڑیسہ میں کانگریس کاایک روزہ بند کامیاب

بھوبنیشور۔/26جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) لارڈ جگناتھ برہما پریورتن ٹرسٹ میں بدانتظامی کے خلاف کانگریس کی اپیل پر آج اڑیسہ میں ایک روزہ بند منایا گیا جس کے باعث عام زندگی متاثر ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ 12گھنٹوں کے بند کے دوران کانگریس کارکنوںکے ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹانڈس کے قریب راستہ روکو احتجاج سے ٹرین اور بس سرویس درہم برہم ہوگئے۔ بند کے حامیوں نے بھوبنیشور ، کٹک اور بالا سور میں ریلوے پٹریوں پر دھرنا دیا اور ٹرینوں کو اچانک روک دینے سے ہزار ہا مسافرین پھنس گئے۔آج کا یہ ریاست گیر بند پُرامن رہا لیکن بھوبنیشور میں ریاستی سکریٹریٹ کے قریب یوتھ کانگریس کارکنوں اور پولیس کا آمنا سامنا ہوجانے سے کچھ دیر کیلئے صورتحال کشیدہ ہوگئی جبکہ پولیس نے کل شام سے ہی بعض کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو احتیاطی اقدام کے طور پر حراست میں لے لیا تھا۔ علاوہ ازیں بند کے پیش نظر تمام یونیورسٹیوں اور کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔ صدر پردیش کانگریس پرساد ہری چندرن نے بتایا کہ نظام الاوقات کے مطابق برہما پریورتن کے رسومات کی ادائیگی 15جون کی شب ادا کرنا تھا لیکن اگلے دن یہ رسومات ادا کی گئیں جس کے باعث مندر انتظامیہ کی بدنظمی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر نوین پٹنائیک کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ ہائی کورٹ کے برسر خدمت جج سے اس معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مندر انتظامیہ کی کوتاہی سے عالمی سطح پر اڑیسہ کا امیج خراب ہوگیا ہے۔