ملکانگری ( اڑیشہ ) ۔ 29 ۔ جون : (سیاست ڈاٹ کام ) : اڈیشہ میں ضلع ملکانگری کے ایک گاؤں میں پر اسرار بیماری سے تقریبا 30 شیرخوار بچے علیل ہوگئے ۔ چیف ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر مسٹر اودے شنکر مصرا نے بتایا کہ نامعلوم وباء پھوٹ پڑنے کی اطلاع پر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کورکونڈہ بلاک کے موضع اورکل روانہ کردی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ بچوں میں دست و قئے اور بخار کی علامتیں ظاہر ہونے کے بعد ایک میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا گیا اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی چیف میڈیکل آفیسر نے کہا کہ اس علاقہ میں موسلادھار بارش کے بعد یہ پر اسرار بیماری منظرعام پر آئی ہے جس کی نوعیت کا پتہ چلانے کی کوشش جاری ہے ۔ سابق میں بھی یہاں پر اسرار بیماری کی علامتیں ظاہر ہوئی تھیں اور اس وقت نئی دہلی اور بھوبنیشور سے سائنسدانوں نے گذشتہ سال اس گاؤں کا دورہ کر کے بیماری کی تحقیقات کی تھی ۔ جب کہ ریاستی وزیر صحت اور معتمد صحت نے بھی متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا ہے ۔