اڈیشہ میں طوفان 8 افراد ہلاک

بھوبنیشور۔یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کشتیوں کے اُلٹ جانے اور دیگر حادثات کے علحدہ علحدہ واقعات میں کم از کم 8افراد ہلاک اور دیگر دو لاپتہ ہوگئے ۔ جب کہ سمندری طوفان مغربی اڈیشہ کے اضلاع جھرسوگوڑہ اور بارگڑھ سے ٹکرا گیا ۔ 7افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے پانچ ہیراکُڈ ذخیرہ آب میں کشتی اُلٹنے کے مختلف واقعات میں ہلاک ہوئے جب کہ کشتی اُلٹنے کے واقعہ میں ایک خاتون ضلع بارگڑھ میں ہلاک ہوگئی۔ اسی طرح جھرسوگوڑہ کے مختلف ذخائر آب سے کشتی اُلٹ کر غرق ہونے والوں کی دو نعشیں برآمد کی گئی۔ جب کہ لکھن پور میں کشتی اُلٹنے کے بعد ایک شخص لاپتہ ہوگیا ۔ ایک اور شخص جھرسوگوڑہ کے علاقہ سنگیری پلی میں بجلی گرنے سے ہلاک ہوا ۔

دریں اثناء رانچی موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج برسراقتدار ہیمنت سورین حکومت جھارکھنڈ سے مطالبہ کیا کہ کل جھارکھنڈ میں آنے والے سمندری طوفان سے ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا کو فوری معاوضہ ادا کیا جائے ۔ اس طوفان سے کم از کم 8افراد ہلاک ہوئے ۔ طوفان میں ہلاکتوں پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس سکھدیو بھگت نے حکومت سے درخواست کی کہ ان واقعات کا جائزہ لے اور متاثرین کے ارکان خاندان کو معاوضہ کی ادائیگی یقینی بنائیں‘ زخمیوں کو علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں ۔