اڈیشہ میں سیلاب کے اندیشہ کے پیش نظر انتظامیہ چوکس

بھوبنیشور 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ریاست اڈیشہ میں شدید بارش کے باعث مہا ندی اور بٹارانی ندی میں سیلاب کے اندیشہ کے پیش نظر حکومت اڈیشہ نے آج ڈیلٹا علاقہ میں ڈسٹرکٹ کلکٹرس سے کہاکہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار رہیں۔ چیف منسٹر نوین پٹنائیک نے آج یہاں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کہاکہ ہم کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار رہنا ہوگا اور متاثرہ عوام کو فوری راحت فراہم کرنا ہوگا۔ یہ کہتے ہوئے کہ ریاست میں گزشتہ تین دن کے دوران شدید بارش ہوئی جس کی وجہ بعض لوگوں کا تخلیہ کرکے انھیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے عارضی شیلٹرس فراہم کرنے پڑے۔ نوین پٹنائک نے کہاکہ ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں کو اُن مقامات پر جہاں صورتحال بہتر ہوئی ہے نقصان کا تخمینہ کرنے کا کام شروع کرنا چاہئے۔ عہدیداروں نے کہاکہ 20 اور 23 جولائی کے درمیان ریاست میں بارش سے چھ اشخاص کی موت ہوئی۔ اس دوران اسپیشل ریلیف کمشنر بی پی سیتھی نے مہا ندی ڈیلٹا علاقہ میں کٹک، کیندراپارا، جئے پور، جگت سنگھ پور، خوردا اور پوری کے ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو ہائی الرٹ کردیا ہے کیوں کہ اڈمنسٹریشن کو اندیشہ ہے کہ آج شام تک کٹک کے قریب منڈلی گیج اسٹیشن کے ذریعہ 8 لاکھ کیوزک پانی کا بہاؤ ہوگا۔