آئندہ عام انتخابات کیلئے لائحہ عمل پر غوروخوص‘ بی جے پی انتخابی تیاری میں مصروف
بھوبنیشور۔یکم جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ جنہوں نے پارٹی کیلئے 147رکنی اڈیشہ اسمبلی میں کم از کم 120 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا ہے ‘ آج انہوں نے بند کمرے میں ریاستی قائدین سے تبادلہ خیال کیا تاکہ انتخابی حکمت عملی کو چست اور درست بنایا جاسکے ۔ امیت شاہ بیجوپٹنائیک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے ۔ سینئر قائدین بشمول مرکزی وزراء دھرمیندر پردھان اور جول اوورم نے ان کا استقبال کیا ۔ پارٹی کی ریاستی شاخ کے صدر بسنت تانڈا بھی موجود تھے ۔ ایک سال سے بھی کم عرصہ میں اڈیشہ اسمبلی انتخابات اور لوک سبھا انتخابات مقرر ہیں ۔ بی جے پی کے صدر کا دورہ پارٹی کارکنوں میں جوش بھردے گا اور وہ سرحد پار برسراقتدار بی جے پی کی اڈیشہ میں بھی کامیابی کیلئے محنت کریں گے ۔ بی جے پی کارکن برسراقتدار بی جے ڈی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ بی جے ڈی 2000ء سے اڈیشہ میں برسراقتدار ہے ۔ قومی صدر بی جے پی کا دورہ اس لئے نمایاں اہمیت رکھتا ہے کہ انہوں نے پارٹی کے 120نشستوں پر کامیابی کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ جب کہ اسمبلی میں 147نشستیں ہیں ۔ بی جے پی کارکن اس خواب کو حقیقت بنانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں ۔ نائب صدر ریاستی بی جے پی سمیر موہنتی نے کہا کہ امیت شاہ نے اپنے ایک روزہ دورہ میں تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور سینئر ریاستی قائدین کے ساتھ انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ۔ ریاستی قائدین اور عہدیداروں نے کہا کہ امیت شاہ کے اس طرح جائزہ لینے سے ریاستی بی جے پی کو فائدہ پہنچے گا اور مختلف مرکزی حکومت کی اسکیموں کو اجاگر کیا جائے گا ۔