اڈیشہ بارودی سرنگ دھماکہ :مہلوک جوانوں کی تعداد 8ہوگئی

جیوپور،2فروری(سیاست ڈاٹ کام)اڈیشہ ۔ آندھرا پردیش سرحد پر کوراپٹ ضلع میں سنکی گھاٹ کے نزدیک ماؤنوازوں کے ذریعہ بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں اڈیشہ اسٹیٹ آرمڈ پولیس (او ایس اے پی)کے شہید ہونے والے جوانوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے اور پانچ دیگر شدید طورپر زخمی ہوگئے ہیں۔کوراپٹ ضلع میں کل شام بارودی سرنگ دھماکے میں او ایس پی کے سات جوان شہید ہوگئے تھے ۔ایک جوان لاپتہ ہو گیا تھا جس کی لاش آج صبح دھماکے کے مقام سے برآمد کی گئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ تب ہوا جب او ایس پی کے 13جوان پولیس کی گاڑی سے کوراپٹ سے وشاکھاپٹنم کی سمت جارہے تھے اسی وقت قومی شاہراہ نمبر 26 پر دھماکہ ہوا جس میں چار افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی جبکہ تین جوانوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔سبھی جوان شہیدوں کو کوراپٹ پریڈ گراؤنڈ میں ریاستی اعزاز دیاگیا۔اس دوران جنوب مغربی رینج کے پولیس ڈائریکٹر جنرل ،پولیس سپرنٹنڈنٹ ،بارڈرسکیورٹی فورس کے افسراور دیگر حکام موجود تھے ۔