بڑے بے آبرو ہوکے ترے کوچے سے ہم نکلے…
نئی دہلی ۔ 26 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی میں نسل کی تبدیلی کا عمل آج مکمل ہوگیا، جیسا کہ اس کے بانیوں اٹل بہاری واجپائی ، ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کو پارلیمنٹری بورڈ سے خارج کیا جارہا ہے، جو اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ ہے، اس پر اب پوری طرح وزیراعظم نریندر مودی کی اجارہ داری قائم ہوچکی ہے۔ علامتی اقدام علیل واجپائی اور اڈوانی اور جوشی جو بی جے پی کے طویل عرصہ سے ’تریمورتی‘ رہے ہیں، اب نئی پانچ رکنی ’مارگ درشک منڈل‘ (رہنما گروپ) میں شامل ہیں جبکہ وہ لگ بھگ 4 دہوں تک پارٹی سے وابستہ ہیں۔ تین مرتبہ کے چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان اور پارٹی جنرل سکریٹری جے پی نڈا بی جے پی پارلیمنٹری بورڈ میں شامل ہونے والے نئے ارکان ہیں، جسے نومقررہ سربراہ امیت شاہ کی جانب سے از سر نو تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ دونوں کو بی جے پی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی میں بھی شامل کیا گیا ہے، جو انتخابات میں کھڑے کئے جانے والے پارٹی امیدواروں کے بارے میں فیصلہ کرتی ہے۔ 12 رکنی پارلیمنٹری بورڈ جس کی صدارت امیت شاہ کر رہے ہیں، اب اس میں وزیراعظم مودی ، راج ناتھ سنگھ ، ارون جیٹلی ، سشما سوراج ، وینکیا نائیڈو، نتن گڈکری ، اننت کمار ، تھاور چند گہلوٹ ، شیوراج سنگھ چوہان ، جگت پرکاش نڈا اور رام لال بحیثیت ارکان شامل ہیں۔
نئے صدر بی جے پی امیت شاہ نے یہ تبدیلیاں سرکردہ بی جے پی قائدین اور وزیراعظم مودی کے ساتھ مشاورتوں کے بعد شروع کئے تھے۔ پانچ رکنی ’مارگ درشک منڈل‘ میں مودی اور راج ناتھ بھی شامل ہیں۔ واجپائی جو ایک دہا قبل اپنی خرابیٔ صحت کے سبب عوامی زندگی سے دور ہوگئے تھے، انہیں تاہم این ڈی اے چیرمین کی حیثیت سے برقرار رکھا گیا ہے۔ مودی دور سے قبل اڈوانی این ڈی اے کے کارگزار صدرنشین تھے۔ سنٹرل الیکشن کمیٹی کی بھی تشکیل نو ہوئی ہے، جس میں اترپردیش کے شعلہ بیان لیڈر ونئے کٹیار کو حذف کیا گیا ہے ۔ سابق صدر بی جے پی مہیلا مورچہ سروج پانڈے جو اس کمیٹی کی بلحاظ عہدہ رکن تھیں، ان کی جگہ وجیہ راہٹکر کو نئی مہیلا مورچہ سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو قبل ازیں سابق میئر اورنگ آباد تھیں۔ قبائلی لیڈر و مرکزی وزیر قبائلی امور جوال اورم اس پندرہ رکنی ادارہ میں شامل ہوئے ہیں۔ سی ای سی کے دیگر ارکان نریندر مودی ، راج ناتھ سنگھ ، ارون جیٹلی ، سشما سوراج ، وینکیا نائیڈو ، نتن گڈکری ، اننت کمار ، تھاورچند گہلوٹ ، شیوراج سنگھ چوہان ، جگت پرکاش نڈا ، رام لال اور شاہنواز حسین کے علاوہ راہٹکر ہیں۔