پیارے بچو! جس طرح ایک برقی پنکھا یا گاڑی کاانجن بجلی یا ایندھن کے بغیر نہیں چل سکتا ،اسی طرح ہمارا جسم بھی خوراک کے بغیر نہیں رہ سکتا ۔ جب تک پنکھے یا انجن کو بجلی یا ایندھن کی صورت میں توانائی ملتی رہتی ہے وہ چلتے رہتے ہیں اور جیسے ہی انہیں توانائی ملنا بند ہوتی ہے وہ فورا رک جاتے ہیں ۔
بالکل ایسے ہی جب تک ہمارے جسم میں توانائی موجود رہتی ہے ہم تندرست و توانا رہتے ہیں اور توانائی کی کمی ہوجاتی ہے تو ہم کمزور اور بیمار ہوجاتے ہیں۔ اگر بہت زیادہ دیر تک ہمارے جسم کو توانائی نہ ملے تو پھر ہم مر بھی سکتے ہیں ۔ گویا ہمارا جسم بھی ایک انجن کی طرح ہے ،جسے چلتے رہنے کیلئے ہر وقت توانائی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ آپ کو یہ تو معلوم ہی ہوگا کہ ہمارے جسم کو توانائی کہاں سے ملتی ہے ؟جی ہاں ہم جو خوراک کھاتے اور پیتے ہیں وہ ہمارے جسم کو توانائی مہیا کرتی ہے ۔بچو! آ و آگے بڑھنے اپنی مرمت کرنے اور چاق و چوبند و صحت مند رہنے کیلئے بھر پور غذائیت کی ضرورت ہے اور غذائیت کی یہ ضرورت خوراک سے پوری ہوتی ہے ۔ آپ کے جسم کو جو غذائیت درکار ہے وہ لحمیات ،مختلف اقسام کے نشاستے Carbohydrates،چکنائی Fats حیاتین Vitaminsاور معدنیات Minerals پر مشتمل ہوتی ہے ۔