اپوزیشن کی صدارتی امیدوار میراکمار کی کل حیدرآباد آمد

کانگریس اور کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین سے ملاقات، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 3 جولائی کو اپوزیشن کی صدارتی امیدوار میرا کمار حیدرآباد پہنچے گی۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی کے علاوہ کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کریں گی۔ مجلس کی تائید حاصل کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ 17 اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق رائے سے سابق اسپیکر لوک سبھا و مجاہد آزادی کی دختر میراکمار کو صدارتی امیدوار بنایا ہے۔ میرا کمار ملک کے مختلف ریاستوں میں اپنی انتخابی مہم چلارہی ہے۔ اسی سلسلہ میں وہ 3 جولائی کو حیدرآباد کے دورہ پر پہنچے گی۔ 11:30 تا 12:30 بجے تک گاندھی بھون میںکانگریس قائدین سے ملاقات کریں گی۔ تقریباً ایک بجے مجسمہ بابو جگجیو ن رام پر گلہائے عقیدت پیش کریں گی۔ ایک تا 3 بجے تک نمائش سوسائٹی کی بلڈنگ میں ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل اور کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین کے علاوہ مختلف اخبارات کے ایڈیٹرس اور سینئر صحافیوں سے تبادلہ خیال کریں گی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صدارتی انتخابات کیلئے اپوزیشن کی امیدوار میرا کمار کو ووٹ دینے کی مجلس سے بھی اپیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں بحیثیت اسپیکر لوک سبھا میرا کمار نے اہم رول ادا کیا ہے جو ناقابل فراموش ہے۔ تلنگانہ عوام 60 سال سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا خواب دیکھ رہے تھے۔ لمحہ آخر تک مخالفین تلنگانہ نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں رکاوٹیںپیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ تاہم میرا کمار نے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے دروازے اور کیمرے بند کرتے ہوئے تقسیم آندھراپردیش کے بل کو منظوری دلائی جو تاریخی کارنامہ ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہیکہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کرنے والی میرا کما رکو نظرانداز کرکے چیف منسٹر کے سی آر آر ایس ایس نظریات کے حامل این ڈی اے امیدوار رامناتھ کووند کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو مخالف مسلم تحفظات ہیں۔ اس پر تلنگانہ کے مسلمانوں کو چیف منسٹر تلنگانہ کے فیصلوں اور پالیسیوں کا جائزہ لینے کا مشورہ دیا۔