حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے حکومت کے خلاف شروع کی گئی مہم کا مقابلہ کرنے میں ٹی آر ایس قائدین کی مبینہ ناکامی سے ناراض ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے اپنے قریبی رفقاء اور مشیروں سے اس مسئلہ پر بات چیت کی۔ وزراء اور پارٹی کے عوامی نمائندوں کی جانب سے اپوزیشن کی تنقیدوں کا جواب دینے میں عدم دلچسپی کے مظاہرہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کا احساس ہے کہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیمات اور حال ہی میں سکریٹریٹ اور چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی کے سلسلہ میں جو فیصلے کئے گئے اس کے بعد سے اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر تنقیدوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ ایسے میں وزراء عوامی نمائندوں اور پارٹی قائدین کی ذمہ داری تھی کہ وہ اپوزیشن کی تنقیدوں کا جواب دیتے۔ برخلاف اس کے وزراء اور سینئر قائدین خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ اپوزیشن کی تنقیدوں کا موثر انداز میں جواب دیا جائے تاکہ حکومت کے بارے میں عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں ۔
چیف منسٹر نے اپوزیشن کی تنقیدوں کا جواب دینے کیلئے وزراء اور عوامی نمائندوں پر مشتمل پیانل تشکیل دینے کا بھی مشورہ دیا ہے اور اس کام کی ذمہ داری پارٹی کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کیشو راؤ کو دی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے سینئر وزراء کی خاموشی اور حکومت کا دفاع کرنے میں ناکامی کا سختی سے نوٹ لیا۔ چیف منسٹر نے اپنے قریبی رفقاء سے کہا کہ وزراء کو اپنے کام کاج سے فرصت نہیں کہ وہ حکومت کے وقار کے تحفظ کی فکر کرسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اپوزیشن سے مقابلہ کرنے میں غیر متحرک وزراء پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے حالیہ کابینی اجلاس میں وزراء کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپوزیشن کی تنقیدوں کا مدلل انداز میں جواب دیں اور حکومت کے فیصلوں کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے عوام کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا ہونے سے روکیں۔ اس ہدایت کے باوجود بیشتر وزراء صرف اپنے محکمہ سے متعلق سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کی بڑی تعداد بھی اپوزیشن کا جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔ صرف چند غیر اہم قائدین اپوزیشن کی تنقیدوں کا مقابلہ کر رہے ہیں لیکن چیف منسٹر کے نظریہ میں یہ کافی نہیں۔