ملنا ساگر پراجیکٹ پر کسانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے :ہریش رائو
حیدرآباد۔26 جون (این ایس ایس) وزیر آبپاشی ٹی ہریش رائو نے آج اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ضلع میدک میں ملنا ساگر پراجیکٹ کے تعلق سے کسانوں کو گمراہ کررہی ہے۔ اس پراجیکٹ کے خلاف کانگریس پارٹی کے قائدین کی چیخ و پکار اور تلگودیشم پارٹی قائد ریونت ریڈی کے بھوک ہڑتالی احتجاج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرآبپاشی نے کہا کہ ملنا ساگر پارجیکٹ ریاست تلنگانہ کے لئے دل جیسا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ہر روز ایک نئے انداز میں بات کرنے پر اپوزیشن جماعتوں پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کی وجہ صرف سات مواضعات زیر آب ہوں گے۔ جبکہ بلم پلی کی کپاسٹی 25 ٹی ایم سی ہے۔ ہریش رائو نے یہ جاننا چاہا کہ کانگریس نے پولاورم پراجیکٹ اور پولی چنتلا پراجیکٹ کے خلاف احتجاج کیوں نہیں کیا جبکہ ٹی آر ایس نے ان کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کو پولی چنتلا پراجیکٹ کے لئے معذرت خواہی کرنی چاہئے جس کی ٹی آر ایس نے مخالفت کی تھی۔ انہوں نے تلنگانہ کے تلگودیشم پارٹی قائدین کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتیہ وئے کہا کہ انہوں نے سات منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کرنے کے لئے جب چندرا بابو نائیڈو نے مرکز پر دبائو ڈالا تو انہوں نے اس پر اعتراض نہیں کیا۔ ہریش رائو نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ اگر کوئی ناانصافیاں ہوں تو اپوزیشن جماعتیں اس کے لئے ذمہ دار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس پراجیکٹ کے باعث کم تعداد میں مواضعات کے زیر آب ہونے کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ دیا جائیگا۔