اپوزیشن اپنے زوال کی وجوہات کا پتہ چلائے : وینکیا نائیڈو

چندی گڑھ ۔ /28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے لئے اب اپنے زوال کی وجوہات کا جائزہ لینے اور پتہ چلانے کا وقت آگیا ہے ۔ ان کے یہ ریمارکس دراصل حریف جماعتوں کانگریس ، عام آدمی پارٹی ، بی ایس پی اور سماج وادی پارٹی کو جواب
کے طور پر کئے گئے ہیں ۔ ان جماعتوں نے الزام عائد کیا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے انہیں بی جے پی کے حق میں سازگار بنایا گیا ہے ۔ دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کی طرف سے بھی ایسے ہی الزامات کئے جانے سے متعلق ایک سوال پر وینکیا نائیڈو نے جواب دیا کہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ عذر لنگ (بیجاحیلے بہانے) پیش کرتے ہوئے سستی شہرت حاصل کررہے ہیں ۔ مرکزی وزیر شہری ترقیاتی وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ’’انہیں (کجریوال کو) سمجھ لینا چاہئیے کہ دو سال قبل دہلی اسمبلی انتخابات میں بھی یہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینس استعمال کئے گئے تھے جن میں ان کی پارٹی کو فتح حاصل ہوئی تھی اور گزشتہ ماہ پنجاب اسمبلی انتخابات میں بھی یہی
الیکٹرانک ووٹنگ مشینس (ای وی ایم) استعمال کئے گئے تھے ۔ جہاں کانگریس نے انتخابی جنگ جیتی ہے ‘‘ ۔ نریندر مودی حکومت کی کارکردگی کے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ’’اب وقت آگیا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں بالخصوص کانگریس اپنے زوال کی وجوہات کا سنجیدگی سے جائزہ لیں ‘‘ ۔