روم،30اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) اٹلی میں موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور سیلاب سے مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ، جبکہ وینس کا بیشتر علاقہ زیر آب آگیا۔اٹلی کے مختلف علاقوں میں انتہائی خراب موسم کا ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیاہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تیز ہواؤں، ژالہ باری اور موسلا دھار بارش نے اٹلی کے بیشتر علاقوں کو پانی پانی کر دیا، ہواؤں کی شدت سے مرکزی سڑکوں پر کئی درخت گاڑیوں پر جاگرے ، زمین کھسکنے اور درختوں کے گرنے سے متعدد سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہوگئیں۔پانی پر تیرتا شہر وینس بھی بارش سے متاثر ہوا، وینس کا 70 فیصد علاقہ زیر آب آگیا، پانی کی سطح میں اضافے پر واٹر ٹیکسی سروس بند کر دی گئی، دیگر متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کر دئیے گئے ہیں۔