اٹلی میں زلزلہ کے مہلوکین کی تدفین، عوام کا سوگ

ایسکولی پیکینو (اٹلی)۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اٹلی میں آج زلزلے کے  مہلوکین کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔ اس موقع پر سوگ کا ماحول تھا اور لوگ غم سے بے حال تھے۔ صدر سرجیو میٹرلا، وزیراعظم میٹیو رینزی اور دیگر کئی قائدین اور ہزاروں سوگواران ایسکولی پیکینو کے اسپورٹس ہال میں رکھے گئے 35 تابوتوں کے قریب جمع تھے۔ زلزلے نے جہاں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی وہیں 290 افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے 230 کی توثیق ہوئی ہے اور ان کی تدفین کا مرحلہ پورا ہوا۔ دارالحکومت کے اس اسپورٹس ہال کو عارضی طور پر عبادتگاہ میں تبدیل کردیا گیا تھا تاکہ یہاں زیادہ سے زیادہ لوگ شریک ہوسکیں۔ عوام کی کافی تعداد ہال کے باہر بھی جمع ہوگئی  تھی اور دعائیہ اجتماع کے دوران ان کے لئے لائوڈ اسپیکرس لگائے گئے۔ مہلوکین کے عزیز و اقارب کا غم سے برا حال تھا۔ اس موقع پر ایسکولی کے بشپ گیووانی ڈیرکول نے کہا کہ ہمیں اپنا بھروسہ قائم رکھنا چاہئے۔ انہوں نے تباہی سے دوچار مکانات اور چرچوں کی تعمیر نو کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم پورے حوصلے کے ساتھ ان حالات کا مقابلہ کریں گے۔