آنندی پٹیل گجرات میں مودی کی جانشین

احمدآباد 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کی وزیر مال آنندی پٹیل جو نریندر مودی کی قریبی اور بااعتماد رفیق کار ہیں، گجرات میں اُن کی جانشین منتخب کی جائیں گی جب بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے نئے لیڈر کے انتخاب کیلئے کل یہاں اجلاس منعقد ہوگا۔ بی جے پی ذرائع نے کہاکہ ’’بہت ممکن ہے کہ آنندی بین پاٹل گجرات کی آئندہ چیف منسٹر ہوں گی‘‘۔ مودی اِس ریاست میں سب سے زیادہ طویل عرصہ تک حکمرانی کرنے والے چیف منسٹر ہوں گے جنھوں نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں اپنی پارٹی کو عدیم المثال کامیابی سے ہمکنار کیا ہے اور کل چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گے۔ نریندر مودی کل گاندھی نگر پہنچیں گے جہاں وہ آنندی بین پٹیل کے ساتھ راج بھون میں گورنر کملا بینی وال سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر کے عہدہ سے اپنا استعفیٰ پیش کریں گے اور اپنی جانشین کی حیثیت سے آنندی پٹیل کے تقرر کی سفارش کریں گی۔ جہاں سے واپسی کے بعد مودی، اسپیکر واجو والا سے ملاقات کرتے ہوئے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی پیش کریں گے۔

مودی حکومت بھی ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ جاری رکھے گی
نئی دہلی 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عام انتخابات میں شاندار کامیابی نے نریندر مودی کو ڈیزل کی قیمتوں پر کنٹرول برخاست کرنے اور قدرتی گیس کی قیمتیں بڑھانے کا مکمل اختیار بھی دے دیا ہے۔ وہ بجٹ خسارہ کو کم کرنے کیلئے سبسیڈی میں تخفیف کے ذریعہ اِن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ مودی کی زیرقیادت این ڈی اے ملک میں 30 سال کے دوران سب سے بڑی انتخابی کامیابی حاصل کی ہے اور توقع ہے کہ وہ اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی ۔ آئی سی آئی سی آئی سکیورٹیز نے اپنے ایک تحقیقی نوٹ میں اِس تاثر کا اظہار کیا ہے ۔ مزید برآں سبکدوش شدہ یوپی اے حکومت نے یکم جنوری 2013 ء سے ڈیزل کی قیمت میں ماہانہ 40 تا 50 پیسے فی لیٹر اضافہ جیسے معمولی اقدامات کئے تھے کیونکہ اُس حکومت کو اپنے طور پر واضح اکثریت حاصل نہیں تھی۔