چندرابابو نائیڈو کی مشرقی و مغربی گوداوری کے کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 9 سپٹمبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع مغربی و مشرقی گوداوری میں راحت و امداد رسانی کو یقینی بنانے کے لئے عہدیداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ چیف منسٹر نے آج یہاں اپنے کیمپ آفس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اِن دونوں اضلاع کے کلکٹروں اور عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے متاثرہ خاندانوں کو فی کس 10 کیلو چاول تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو مطلع کیاکہ مغربی گوداوری کے ویلورو پاڈو میں ایک ماہی گیر مشتبہ طور پر سیلاب کی لہروں میں بہہ گیا۔ اِس ضلع کے اچنتہ منڈل میں 4 گاؤں ہنوز پانی میں محصور ہیں۔ ضلع مشرقی گوداوری میں ایک باندھ میں شگاف پڑگیا ہے اور 24 قریبی گاؤں زیرآب ہوگئے ہیں۔ مشرقی گوداوری کی کلکٹر نیتو کماری پرساد نے کہاکہ 6 منڈلوں میں 599 افراد کے لئے 6 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیلابی پانی کی سطح آج دوپہر تک بھی اونچی رہی لیکن توقع ہے کہ رات دیر گئے اِس میں کمی ہوگی۔ دھولیشورم بیاریج پر دوسرا وارننگ سگنل جاری کردیا گیا ہے۔ مغربی گوداوری میں دو ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو دن کے دوران دریائے گوداوری سے تقریباً 137 ٹی ایم سی فیٹ پانی سمندر میں چھوڑا جاچکا ہے۔