تمام سہولتوں سے آراستہ علاقہ کو ترجیح : پی نارائنا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات مسٹر نارائنا کی زیر قیادت آندھرا پردیش ریاست کی نئی راجدھانی کے مقام کا جائزہ لینے و ریاستی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی دنیا کی مثال راجدھانی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آندھرا پردیش راجدھانی کے تعلق سے اپنا کوئی فیصلہ کرے گی ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نارائنا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ بنیادی سہولتوں کے علاوہ سہولت بخش و مناسب مقامات کے تعلق سے آج کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور ہر پندرہ دن میں ایک مرتبہ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی بہت جلد ملک اور بیرون ممالک خوبصورت شہروں و راجدھانی جیسے رایء پور ، بھوبنیشور ، کٹک ، چندی گڑھ ، گاندھی نگر کے ساتھ ساتھ ملیشیا ، اسلام آباد ، سنگاپور ، شنگھائی وغیرہ کا دورہ کر کے ان مقامات کی خصوصیات وغیرہ کا جائزہ لے گی ۔ اور ریلوے اور شاہراہوں کے ایکدوسرے سے مربوط ہونے والے علاقہ ، عام نوعیت کے وسائل مالیاتی وسائل کی فراہمی جیسے مختلف موضوعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے راجدھانی کے مقام کا تعین کرنے پر ترجیح دی جائے گی ۔