آندھراپردیش کے عازمین حج کی آئندہ سال سے وجئے واڑہ سے روانگی

مختار عباس نقوی کا تیقن، رکن کونسل احمد شریف کی نمائندگی
حیدرآباد۔11 اکٹوبر (سیاست نیوز) حج 2019ء کے لیے آندھراپردیش کے عازمین حج کی وجئے واڑہ ایرپورٹ سے روانگی کا مرکزی حکومت نے تیقن دیا ہے۔ آندھراپردیش کے گورنمنٹ وہپ محمد احمد شریف نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ہمراہ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی اور سنٹرل حج کمیٹی کے صدرنشین چودھری محبوب علی قیصر سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس بات کی خواہش کی کہ وجئے واڑہ ایرپورٹ سے آندھراپردیش سے عازمین کی روانگی کو یقینی بنایا جائے۔ نئی ریاست میں انٹرنیشنل ایرپورٹ کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ مختار عباس نقوی نے یقین دلایا کہ اگر 2019ء تک ایرپورٹ کی تعمیر کا کام مکمل ہوتا ہے تو عازمین حج وجئے واڑہ گناورم ایرپورٹ سے روانہ کیے جائیں گے۔ احمد شریف نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ وجئے واڑہ ایرپورٹ کو عازمین کی روانگی سے متعلق امبارکیشن پوائنٹ کے طورپر تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ وجئے واڑہ ایرپورٹ کو انٹرنیشنل ایرپورٹ کا درجہ حاصل ہوچکا ہے، آندھراپردیش کے 3 ہزار عازمین یہاں سے جدہ کے لیے روانہ ہوسکتے ہیں۔ ہر سال آندھراپردیش سے 3 ہزار عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوتے ہیں۔ اسی طرح ہر سال 10 ہزار سے زیادہ مسلمان عمرہ کے لیے روانہ ہوتے ہیں۔ انہیں حیدرآباد ایرپورٹ سے روانہ ہونا پڑرہا ہے۔ اب جبکہ گناورم ایرپورٹ کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، لہٰذا انٹرنیشنل فلائٹس کو وجئے واڑہ سے روانہ کیا جاسکتا ہے۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ اگر 2019ء تک انٹرنیشنل فلائٹس کی آمد و رفت کے لیے ایرپورٹ تیار ہوجائے تو اسے امبارکیشن پوائنٹ کے طور پر شامل کیا جائے گا اور عازمین کی روانگی وجئے واڑہ سے عمل میں آئے گی۔ احمد شریف نے کہا کہ چیف منسٹر آندھراپردیش چندار بابو نائیڈو عازمین حج کی وجئے واڑہ سے روانگی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اور انہوں نے مرکز سے نمائندگی کی ہدایت دی ہے۔