آندھراپردیش کو خصوصی موقف نہ دینے پرکانگریس کا احتجاج

ریاست کے تمام ہیڈ کوارٹرس پر آج سے زنجیری بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد 15 مارچ (این ایس ایس) آندھراپردیش کو مابعد تقسیم خصوصی موقف عطا کرنے میں مرکز اور ریاستی حکومت کی بے اعتنائی کے رویہ کے خلاف احتجاجاً آندھراپردیش کانگریس کمیٹی نے پیر سے پانچ دن تک ریاست کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس میں زنجیری بھوک ہڑتال پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج یہاں ایک صحافتی بیان میں اے پی سی سی نے کہاکہ ریاست کو خصوصی موقف دینے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے پیاکیج، پولاورم پراجکٹ کیلئے خاطر خواہ فنڈس کی اجرائی، ریلوے زون کا قیام، باوقار قومی اداروں کے قیام وغیرہ کیلئے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے سلسلہ میں کی جانے والی یہ احتجاجی بھوک ہڑتال تمام پانچ دن صبح 10 تا شام 5 بجے تک کی جائے گی۔ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بھی ان مسائل پر دو مرتبہ وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوبات تحریر کئے ہیں۔ مرکز کی بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے گزشتہ دو بجٹس میں ریاست کے ساتھ انصاف کرنے میں ناکام ہوجانے پر ریاست کے کانگریس قائدین نے ان اہم مسائل کے سلسلہ میں مرکز پر دباؤ ڈالنے کے لئے مختلف احتجاجی پروگرامس منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ایک کروڑ دستخطی مہم کی زبردست پذیرائی کے ساتھ اے پی سی سی نے زنجیری بھوک ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس پروگرام کا آغاز پیر کو اننت پور میں صدر اے پی سی سی این رگھوویرا ریڈی، ان کے پیشرو بوتسہ ستیہ نارائنا اور سابق وزیر انم رام نارائن ریڈی کریں گے۔ بعدازاں یہ تینوں قائدین 17 مارچ کو گنٹور میں، 18 مارچ کو راجمندری میں، 19 مارچ کو وشاکھاپٹنم اور 20 مارچ کو چتور میں زنجیری بھوک ہڑتال میں حصہ لیں گے۔