حیدرآباد کے خطوط پر ترقی دی جائے گی، وزیر آئی ٹی پی رگھوناتھ ریڈی کا بیان
حیدرآباد 15 جون (آئی این این) آندھراپردیش کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی پی رگھوناتھ ریڈی نے آج کہاکہ تلگودیشم کی حکومت بقیہ ریاست آندھراپردیش میں کئی شہروں کو آئی ٹی کے مراکز کے طور پر ترقی دے گی۔ یہاں عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے رگھوناتھ ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد کے خطوط پر آئی ٹی ہبس کو فروغ دیا جائے گا۔ آئی ٹی سرگرمیوں کو ایک شہر تک محدود کرنے کے بجائے انھیں مختلف شہروں میں فروغ دیا جائے گا۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ یہ تلگودیشم پارٹی سربراہ این چندرابابو نائیڈو ہی تھے جنھوں نے حیدرآباد کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی منزل بنادیا۔ اسی طرح مسٹر نائیڈو آندھراپردیش کو بھی ترقی دیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ آئی ٹی کی بڑی کمپنیاں چندرابابو نائیڈو کی قائدانہ صلاحیتوں اور مہارت پر بھروسہ کرتی ہیں اور وہ آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کیلئے مسٹر نائیڈو کی دعوت کو قبول کریں گے۔ رگھوناتھ ریڈی نے تلگو این آر آئیز سے بھی خواہش کی کہ وہ آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش میں تلگودیشم حکومت این آر آئیز کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کرے گی اور اس کیلئے ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے گا۔ اُنھوں نے ریاست آندھراپردیش میں اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کا بھی تیقن دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ چونکہ اس مرتبہ اسمبلی کیلئے تلگودیشم پارٹی کا کوئی مسلم ایم ایل اے منتخب نہیں ہوا اس لئے دیگر ارکان اقلیتوں کے مسائل پر توجہ دیں گے۔