آندھراپردیش ملازمین کے تبادلوں کی مقررہ تاریخ میں توسیع

حیدرآباد 16 نومبر (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے اپنے سرکاری ملازمین کے تبادلوں کیلئے مقرر کردہ مدت میں توسیع کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق عوامی نمائندوں کی مسٹر چندرابابو نائیڈو سے کی گئی نمائندگی پر چیف منسٹر نے انسانی بنیادوں پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے 15 نومبر مقرر مدت میں توسیع کرکے مزید ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے۔ اس طرح اب 22 نومبر تک آندھراپردیش ملازمین کے تبادلے عمل میں لائے جائیں گے۔ جبکہ گزشتہ ماہ اکٹوبر میں ہی سرکاری ملازمین آندھراپردیش کے تبادلوں کے لئے حکومت نے احکامات جاری کئے تھے لیکن جنم بھومی پروگرام و ہمارا گاؤں پروگرام کا انعقاد عمل میں لائے جانے کی وجہ سے حکومت نے عارضی طور پر پابندی عائد کی تھی اور جاریہ ماہ 12 نومبر سے تبادلوں کے عمل کا دوبارہ آغاز ہونے کے باوجود 15 نومبر تک ہی تبادلوں کے عمل کو مکمل کرلینے کی حکومت نے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی تھی۔ اس کی وجہ سے ناکافی مدت کے باعث ملازمین سرکار آندھراپردیش اپنے اپنے متعلقہ محکمہ جات کے چکر لگاتے رہے اور اس دوران ملازمین آندھراپردیش کے یونین قائدین نے وزراء ارکان پارلیمان و ارکان اسمبلی سے ملاقات کرکے ملاززین کے تبادلوں کے سلسلہ میں مقررہ مدت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے مؤثر نمائندگی کرنے کی پرزور خواہش کی تھی جس کی روشنی میں آندھراپردیش کے بعض وزراء، ارکان پارلیمان و آندھراپردیش کے وزراء نے آندھراپردیش ملازمین کے تبادلوں سے متعلق مدت میں توسیع کرنے کی مؤثر نمائندگی کی تھی اور اس نمائندگی کی روشنی میں ہی چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے ملازمین کے تبادلوں سے متعلق مدت میں ایک ہفتہ کی مزید توسیع دیتے ہوئے احکامات جاری کئے۔