لکھنو۔26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی شہرت یافتہ آم کے کاشتکار حاجی کلیم اللہ نے ایک نئے آم کو وزیراعظم نریندر مودی کا نام دیا ہے اور یہ توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم بہت جلد شاہی میوہ سے لطف اندوز ہوں گے جسے ’’مودی مینگو‘‘ قرار دیا گیا ہے ۔ پدم شری ایوارڈ یافتہ کلیم اللہ کو آموں کی مختلف اقسام کی پیداور اور نت نئے نام رکھنے میں شہرت حاصل ہے ‘ کہا کہ ’’ میں نے آم کی ایک نئی قسم کو مودی کا نام دیا ہے جو کہ پک کر تیار ہوگئی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ پھلوں کے بادشاہ کو وزیر اعظم کی خدمت میں پیش کروں اور امیدہیکہ انہیں یہ آم ضرور پسند آئیں گے ‘‘ ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نیا آم لذیذ اور خوبصورت ہے ۔ واضح رہے کہ کلیم اللہ کے آباواجداد بھی لکھنو کے مضافات ملیح آباد میں آموں کے باغات کیلئے مشہور ہیں ‘ اب وہ تقریباً 300 اقسام کے آموں پر مالکانہ حقوق رکھتے ہیں جبکہ مودی مینگو کولکتہ کے حسن آراء اور لکھنو کے دسہیری کا مشترکہ آمیزش ہے ۔