میکے۔ 22؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ آسٹریلیا کے عہدیداروں نے آج کہا کہ استوائی سمندری طوفان ’مارشیا‘ سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ریاست کوئنس لینڈ میں 1500 مکان تباہ ہوچکے ہیں اور ہزاروں مکانوں کو برقی سربراہی منقطع ہوگئی ہے۔ پہلا استوائی طوفان ’لام‘ شمالی آسٹریلیا کے جزیرہ ایلچو میں آیا تھا۔ مارشیا کو اعظم ترین زمرے کے طوفانوں میں شامل کیا گیا ہے۔ مشرقی کوئنس لینڈ اس سے بدترین متاثرہ علاقہ ہے۔ 1500 سے زیادہ مکان تباہ ہوچکے ہیں۔ یاپون اور کوچامٹن میں 100 مکان بُری طرح متاثر ہیں۔ لوگ اپنے مکانوں کو واپس نہیں جاسکتے۔ حکومت کی اولین ترجیح ان خاندانوں کی بازآبادکاری ہے جو بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ بچاؤ اور صفائی کارروائی تیز رفتار ہوچکی ہے۔ برقی اور ٹیلی فون کمپنیاں برقی سربراہی اور مواصلات کی بحالی کے لئے سرگرم ہیں۔ حکومت نے فوجی مدد روانہ کی ہے تاکہ صفائی کا کام کیا جاسکے۔ علاوہ ازیں کوئنس لینڈ کے متاثرہ افراد کو آفاتِ سماوی راحت رسانی فنڈ سے مالیہ فراہم کرنے کا تیقن دیا گیا ہے۔