آسٹریلیائی شہریوں کیلئے آمد پر ویزا کی سہولت ‘ مودی کا تیقن

سڈنی ۔ 17 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام )وزیراعظم نریندر مودی نے آسٹریلیائی سیاحوں کیلئے آمد پر ویزا سہولت کی فراہمی کا تیقن دیا اور پی آئی او (پرسنس آف انڈین اوریجن ) اور او سی آئی ( اوورسیس سٹیزن آف انڈیا) کے دیرینہ انضمام کیلئے دو ماہ کی قطعی مہلت مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انھوں نے تارکین وطن سے ہندوستان میں شروع کی گئی صفائی مہم کی تائید و حمایت کی خواہش کی ۔ مودی نے تقریباً 20,000 شائقین سے بھرے آل فونس ارینا میں خطاب کرتے ہوئے پیشرو حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انھوں نے کہا کہ پیشرو حکومتیں قوانین بناکر خوش ہوا کرتی تھیں اور وہ انھیں ختم کرکے خوش ہورہے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ آئیے کھڑکیاں کھول دیں تاکہ تازہ ہوا اندر آسکے ۔ اُن کا اشارہ قدیم اور رکاوٹ بننے والے قوانین کو ختم کرنے اُن کی کوششوں کی طرف تھا ۔ عوام کے استقبال سے متاثر مودی نے کہاکہ وہ آج کا دن کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے ۔ وہ جانتے ہیں کہ اس والہانہ محبت اور خلوص کے پیچھے توقعات ہیں۔ ہم ایک ایسا ہندوستان تیار کرنا چاہتے ہیں جن کا آپ خواب دیکھ رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ آج جس انداز میں اُن کا خیرمقدم کیا گیا اور انھیں جو عزت ملی ہے وہ اسے ہندوستانی عوام کے نام معنون کرتے ہیں ۔ مودی نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت آسٹریلیائی سیاحوں کو آمد پر ویزا کی سہولت فراہم کرنے اقدامات کررہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ پی آئی او اور او سی آئی کا 7 جنوری کو احمدآباد میں شروع ہورہے پاروسی بھارتیہ دیوس سے قبل انضمام عمل میں آئے گا ۔ وزیراعظم نے اُن کی حکومت کی جانب سے شروع کردہ معاشی اصلاحات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہندوستان سرمایہ کاری کیلئے پسندیدہ مقام بن چکا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ریلویز میں غیرملکی راست سرمایہ کاری کو بڑھاکر 100 فیصد کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ آسٹریلیائی کمپنیاں ملک میں ریل انفراسٹرکچر کی تیاری میں سرمایہ کاری کریں گی ۔ وزیراعظم نے دنیا بھر میں موجود ہندوستانی عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ اُمید اور توقعات کے اس ماحول کو حقیقت میں تبدیل کریں اور ہندوستانی عوام کے توقعات پر پورا اُتریں ۔ مودی نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے تجربہ کی بنیاد پر وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ کروڑہا ہندوستانیوں کے خواب کو حقیقت میں تبدیل نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے ۔ انھوں نے سوامی ویویکانند کے خواب کا حوالہ دیا جنھوں نے مادر ہند کو ’’وشوا گرو ‘‘ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ انھیں اس بات کا یقین ہے کہ یہ خواب حقیقت میں تبدیل ہوگا ۔ انھوں نے پرجوش حامیوں سے جو مسلسل نعرہ لگارہے تھے کہا کہ آپ بھی اس خواب کا حصہ بن جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ذمہ داری کا احساس رکھتے ہیں کیونکہ وہ آزاد ہندوستان میں پیدا ہونے والے پہلے وزیراعظم ہیں ۔ ہماری قسمت میں ملک کی آزادی کیلئے لڑنا نہیں تھا ، ہم ہندوستان کیلئے اپنی جان قربان نہیں کرسکے لیکن ہم ہندوستان کیلئے جی سکتے ہیں ۔ چنانچہ ہم ہندوستان کیلئے جئیں گے اور جدوجہد کریں گے ۔ آج 125 کروڑ ہندوستانی یہی خواب دیکھ رہے ہیں ۔ انھوں نے جمہوریت کے اقدار اور ہندوستان و آسٹریلیا میں کرکٹ سے محبت کا بھی حوالہ دیا۔ وزیراعظم نے عوام سے خواہش کی کہ وہ ہندوستان کی جمہوریت کی طاقت کو تسلیم کریں ۔ اب ہم سب ملکر وہ کام کرسکتے ہیں جس سے ہندوستان کو فائدہ ہو ۔ اس کے بعد ہندوستان وہ کام کرے گا جس سے نوع انسانی کو فائدہ ہوگا ۔ حکومتیں ملک نہیں بناسکتی ، عوام ملک بناتے ہیں۔ وزیراعظم نے ہندوستان میں صفائی مہم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم صفائی کا خیال رکھیں تو زیادہ سے زیادہ سیاح ہندوستان کا رُخ کریں گے ۔ انھوں نے ہندوستانی تارکین وطن سے اس مہم کی بھرپور تائید کی خواہش کی ۔ اور کہا کہ وہ جن دیہاتوں سے تعلق رکھتے ہیں وہاں ترقی کو یقینی بناتے ہوئے اس مہم میں سرگرم رول ادا کرسکتے ہیں۔ مودی نے کہاکہ بعض لوگ صرف بڑا کام کرنے کے بارے میں سونچتے ہیں لیکن انھیں چھوٹے کاموں جیسے بیت الخلاء کی تعمیر اور صفائی کے کاموں میں دلچسپی ہے ۔ بیماری غریب عوام پر ایک بڑا بوجھ ہے ۔ صفائی ستھری کے ذریعہ غریبوں کی خدمت سے بڑا کوئی اور کام نہیں ۔ انھوں نے کہاکہ آخر ہندوستان کو اس معاملے میں کیوں پیچھے رہنا چاہئے ۔ اب فیصلہ کیا جاچکا ہے اور ہمیں آگے بڑھنا ہے ۔ مودی نے ہندوستانی ، آسٹریلیائی کمیونٹی کو مبارکباد دی جنھوں نے سخت محنت کے ذریعہ اپنی ’کرم بھومی‘ کو قابل فخر بنایا ۔ انھوں نے سرکردہ ہند ۔ آسٹریلیائی شخصیتوں کا نام لیا جنھوں نے اسپورٹس اور تعلیمی شعبوں میں آسٹریلیا میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ وزیراعظم نے اُن کی حکومت کی کارکردگی اور نئی پالیسیوں اور اسکیم کا تذکرہ کیا ۔ جن دھن اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 ہفتوں میں 70 ملین بینک اکاؤنٹس کھولے گئے اور کھاتے داروں نے جملہ 5000 کروڑ روپئے کی رقم جمع کرائی ہے ۔