سڈنی۔ 21؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ آسٹریلیا میں حکام نے انسداد دہشت گردی کے ایک بڑی کارروائی میں دولت اِسلامیہ کے ہمدردوں اور حمایتیوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ حکام کے مطابق 60 آسٹریلیائی باشندے اس وقت شام اورعراق میں دولت اُسلامیہ کے لئے لڑ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق آسٹریلیا کو دولت اسلامیہ کے نظریات سے متفق آسٹریلوی باشندوں سے شدید خطرات کا سامنا ہے۔ حکام مسلمان برادری میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی سے پریشان ہیں۔ ان کے مطابق کم از کم 60 آسٹریلوی باشندے اس وقت شام اورعراق میں دولت اِسلامیہ کے لئے لڑ رہے ہیں جب کہ 20 وہاں لڑنے کے بعد واپس آسٹریلیا پہنچ چکے ہیں۔ ستمبر میں برسبین اور کوئنس لینڈ کے اِسلامک سنٹرس پر چھاپے مارکر دو افراد کو دولت اِسلامیہ کے لئے بھرتی کرنے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔ آسٹریلوی انٹیلیجنس کے سربراہ ڈیوڈ اروین کا کہنا ہے کہ دولت اسلامیہ کے لئے لڑنے والے اب تک تقریباً 15 آسٹریلوی باشندے عراق اور شام میں ہلاک ہو چکے ہیں جن میں دو خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں 100 سے زیادہ لوگ شدت پسند تنظیموں کے لئے نہ صرف لوگوں کو بھرتی کررہے ہیں بلکہ دہشت گرد تنظیموں کے لئے مالی وسائل اور ہتھیار بھی فراہم کررہے ہیں۔