گوپال پاڑہ / رنگیا (آسام) 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں آئے حالیہ سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد گول پاڑہ اور کامروپ اضلاع سے مزید 14 نعشیں ملنے کے بعد 30 ہوگئی جبکہ بچاؤ اور راحت کاری مسلسل 24 گھنٹے انجام دی جارہی ہے۔ بولبولا اور گول پاڑہ کے کرشنا علاقہ سے چھ نعشیں ملنے کے بعد اس ضلع میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی جہاں فوج کے علاوہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف اہلکار شبانہ روز بچاؤ اور راحت کاری میں مصروف ہیں۔ کامروپ سے آٹھ نعشیں برآمد ہوئی ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد دس ہوگئی جبکہ مزید چار افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جے بالاجی نے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ ملک کے بیشتر علاقے سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات سے پریشان ہیں ۔