آر ٹی سی کیلئے 1500 نئی بسیں خریدنے کا منصوبہ

حیدرآباد 29 اگسٹ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہندر ریڈی نے تلنگانہ آر ٹی سی کیلئے 1500 نئے بسوں کی خریدی کیلئے چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ ممبئی کے طرز پر آر ٹی سی کو میٹرو سے مربوط کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہندر ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں آر ٹی سی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں صدرنشین آر ٹی سی ایس ستیہ نارائنا راؤ، محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سکریٹری سنیل شرما، منیجنگ ڈائرکٹر رمنا راؤ کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ علاقائی سطح پر حکومت سے وصول طلب بقایا جات، آر ٹی سی کے نقصانات پر وزیر ٹرانسپورٹ نے عہدیداروں سے تفصیلات طلب کی۔ تلنگانہ آر ٹی سی کو 96 ڈپوز کے حدود میں 480 کروڑ روپئے کے نقصانات ہیں۔ مہینر ریڈی نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ آر ٹی سی بسوں کی خدمات میں توسیع دیتے ہوئے نقصانات کو گھٹانے اور ادارے کو فائدہ مند بنانے کی حکمت عملی تیار کریں۔ انھوں نے کہاکہ ماضی میں تمام چیف منسٹرس کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آر ٹی سی کے خسارے پر قابو پانے کیلئے 2000 کروڑ روپئے فراہم کئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ ماضی میں نئی بسیں خریدنے کا جو فیصلہ کیا گیا اس میں منی بسوں کی خریدی پر زیادہ توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش کے بشمول ملک کے دوسرے ٹرانسپورٹ نظام میں تلنگانہ کی کارکردگی سرفہرست ہے۔