رجسٹریشن کارڈس کی قلت، عوام اور ایجنٹس متفکر، کئی گاڑیاں گیاریج کی نذر
حیدرآباد۔یکم۔جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزارت ٹرانسپورٹ ریاست میں فروخت ہونے والی نئی گاڑیوں کے رجسٹریشن اور نئے لائسنس کی اجرائی میں بھی ناکام ہے ایسے میں ریاست کی ترقی کس طرح ممکن ہو سکتی ہے؟ قومی سطح ڈیجیٹل انڈیا اور ریاستی سطح پر شہر حیدرآباد کو عالمی طرز کے شہر میں تبدیل کرنے کے دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن ان دعوؤں پر کس حد عمل کیا جا رہا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے پاس نئے رجسٹریشن کروائی جانے والی گاڑیوں کے لئے جاری کئے جانے والے رجسٹریشن کارڈ کی اجرائی کیلئے کارڈس موجود نہیں ہیں۔ اسی طرح لائسنس کیلئے درخواست داخل کرنیو الے درخواست گذار بھی کارڈ کے انتظار میں ہیں کہ انہیں گاڑی چلانے کا مستقل لائسنس حاصل ہو سکے۔ آر ٹی اے کے ذرائع کے بموجب دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میں بھی نئے کارڈس کی تیاری میں دشواریوں کی بنیادی وجہ کارڈس کی عدم موجودگی ہے جس کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے کسی بھی آر ٹی اے دفتر میں فوری لائسنس کی اجرائی یا گاڑیوں کے رجسٹریشن کی کاروائی انجام نہیں دی جا رہی ہے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ کارڈس کی قلت کے سبب فوری رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں ہوپارہا ہے۔ بتایا جا تاہے کہ ریاست میں کارڈس کی قلت کے سبب ہونے والے ان مسائل سے نمٹنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں بلکہ اس مسئلہ کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام کو تکالیف میں مبتلاء ہو نے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے آر ٹی اے دفاتر میں موجود ایجنٹس بھی اس صورتحال سے متفکر ہیں کیونکہ کارڈس کی عدم موجودگی کے سبب ان کا کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہا ہے۔ گاڑیوں کے رجسٹریشن کے لئے چپ والے رجسٹریشن کارڈس کی اجرائی اور چپ والے لائسنس کی اجرائی میں تاخیر کے سبب کئی گاڑیاں گیاریج کی حدتک رکی ہوئی ہیں کیونکہ ان گاڑیوں کو سڑک پر لانے کیلئے رجسٹریشن کے دستاویزات کا ساتھ ہونا ضروری ہے۔ بیشتر گاڑی مالکین اپنی گاڑیوں کے عارضی رجسٹریشن کے ساتھ گاڑیاں چلانے پر مجبور ہیں اور لائسنس کے لئے درخواست داخل کرنے والے افراد اپنے لرننگ لائسنس کی مدت ختم ہونیکیلئے کم وقت باقی رہ جانے کے سبب تشویش میں مبتلاء ہیں کیونکہ مدت ختم ہونے کی صور ت میں انہیں از سر نو لرننگ لائسنس حاصل کرتے ہوئے دوبارہ مستقل لائسنس کے لئے درخواست داخل کرنی ہوگی۔ اسی طرح عارضی رجسٹریشن پر چلائی جانے والی گاڑیوں کی مدت ختم ہونے کی صورت میں گاڑیوں کے مالکین پر بھاری جرمانے عائد کئے جانے کی گنجائش موجود رہے گی اسی لئے وہ بھی پریشان ہیں۔