آر بی آئی کی پالیسی سے رئیل اسٹیٹ ڈیولپرس ناراض

حیدرآباد 3 فبروری (آئی این این) کانفیڈریشن آف رئیل اسٹیٹ ڈیولپرس اسوسی ایشن آف انڈیا (کریڈائی) نے آر بی آئی کے سخت گیر موقف اختیار کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ریزرو بینک نے توقع کے برعکس شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ کریڈائی جو خانگی رئیل اسٹیٹ ڈیولپرس کا اہم ادارہ ہے، ریزرو بینک کی جانب سے خریداری کی شرح 7.75 فیصد برقرار رکھنے کا خیرمقدم کیا۔ قومی صدر کانفیڈریشن سی شیکھر ریڈی نے کہاکہ مجموعی معاشی صورتحال اور رئیل اسٹیٹ شعبہ کو درپیش چیالنجس کے پیش نظر ہمیں توقع تھی کہ آر بی آئی نے جنوری میں جو شروعات کی اُسے برقرار رکھتے ہوئے پالیسی شرحوں میں مزید کمی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کئی لوگ مکانات کی خریداری کے خواہاں ہیں لیکن اضافی شرح سود کی وجہ سے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔