آر ایس ایس سربراہ کی تقریر کے راست نشریہ کی جاؤڈیکر کی جانب سے مدافعت

ناگپور۔ 5؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ دوردرشن پر آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے دسہرہ خطاب کے راست نشریہ کی مدافعت کرتے ہوئے مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاؤڈیکر نے آج کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ مہارت پیدا کی جائے۔ ایک گھنٹہ طویل نشریہ 3 اکٹوبر کو دوردرشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ آر ایس ایس کے کسی عہدیدار کی تقریر پہلی بار دوردرشن سے نشر کی گئی تھی۔ اس پر کانگریس اور سی پی آئی ایم نے حکومت پر سرکاری ادارہ کے استحصال کا الزام عائد کیا تھا جب کہ بی جے پی نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس نے درحقیقت حب الوطنی میں اپنا حصہ ادا کیا ہے اور ہمیشہ ہر ایک کے لئے اِنصاف کے فلسفہ پر عمل کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں سوال کا جواب دیتے ہوئے جاؤڈیکر نے کہا کہ دوردرشن ایک خود اختیار تنظیم ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس میں پیشہ وارانہ دیانتداری پیدا کی جائے۔ اگر آر ایس ایس کے کسی کارکن کی تقریر اس ادارہ سے نشر کی جاتی ہے تو اس میں کوئی بُری بات نہیں ہے۔ انھوں نے کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیوں کی اس مسئلہ پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دوردرشن پر عائد تمام تحدیدات برخاست کردی ہیں۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ گزشتہ اتنے برسوں سے آر ایس ایس کے کسی قائد کی تقریر کیوں نہیں نشر کی گئی تھی؟ موہن بھاگوت نے دسہرہ کے دن آر ایس ایس کی یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوتوا کو ملک کی ’قومی شناخت‘ اور ’اتحاد کی ڈور‘ قرار دیا تھا جو ہندوستان کے تنوع کو جوڑے رکھتی ہے۔