آرمینیا کے شہریوں کے قتل عام پر رنجیدہ ہیں : ایردغان

انقرہ ، 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردغان نے پہلی عالمی جنگ میں آرمینیا کے شہریوں کے قتل عام پر ’دکھ‘ کا اظہار کیا ہے۔ ترکی کی جانب سے یہ غیرمتوقع بیان اس قتل عام کے تقریباً ایک سو سال بعد سامنے آیا ہے۔ ترک وزیراعظم نے چہارشنبہ کو اس قتل عام کے 99 برس مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ ترکی اس قتل عام کے دکھ میں ’’برابر کا شریک‘‘ ہے۔ واضح رہے کہ پہلی عالمی جنگ میں ترکی میں موجود آرمینیا کے لاکھوں شہریوں کو ہلاک کیا گیا تھا اور متعدد حلقے اسے بیسویں صدی کی پہلی نسل کشی قرار دیتے ہیں۔ ترک وزیراعظم نے کہا، ’’پہلی عالمی جنگ میں پیش آئے واقعات ہمارا مشترکہ درد ہیں‘‘۔