آرمور سے عادل آباد تک ریلوے لائن کیلئے مرکزی وزیر سے نمائندگی

حیدرآباد ۔ /24 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزراء جوگو  رامنا ، اندرا کرن ریڈی نے مرکزی وزیر ریلوے سریش پربھو سے ملاقات کرتے ہوئے آرمور سے عادل آباد تک براہ نرمل 145 کیلو میٹر ریلوے لائن بچھانے کی نمائندگی کی جس پر 1200 کروڑ روپئے کے مصارف ہونے کا امکان ہے ۔ مرکزی وزیر ریلوے نے اتفاق کرتے ہوئے دوبارہ سروے کیلئے ریلوے کی ٹیم کو روانہ کرنے کا تیقن دیا ۔ مرکز نے آرمور سے براہ راست نرمل سے عادل آباد تک ریلوے لائن بچھانے سے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے ۔ کئی عرصے سے یہ ریلوے لائن زیرالتواء ہے ۔ 145 کیلو میٹر بچھائی جانے والی ریلوے لائن پر تقریباً 1200 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا ہے ۔ ریاستی و مرکزی حکومت جوائنٹ وینچر کے تحت اس  پراجکٹ کو مکمل کریں گے ۔ ریلوے لائن بچھانے کیلئے نصف اخراجات برداشت کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت کی رضامندی پر مرکزی حکومت نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی وزیر ریلوے سریش پربھو نے کہا کہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر بھی ان سے تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔ ریاستی وزراء جوگو رامنا ، اندرا کرن ریڈی اور رکن پارلیمنٹ جی نگیش نے مرکزی وزیر ریلوے سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی یادداشت پیش کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جوگو رامنا نے کہا کہ مرکزی وزیر ریلوے نے ریلوے بجٹ میں بجٹ منظور کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ بجٹ میں گنجائش فراہم نہ ہونے کی صورت میں ریلوے بورڈ سے خصوصی طور پر مشاورت کرتے ہوئے فیصلہ کرنے کا سریش پربھو نے تیقن دیا ۔