نئی دہلی 11 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں کل 12 نومبر کو بینک ملازمین کی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں معمول کی بینک سرگرمیاں جیسے چیک کلئیرنس وغیرہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ یونائیٹیڈ فورم آف بینک یونینس کے کنوینر ایم وی مرلی نے بتایا کہ چونکہ انڈین بینکس اسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت ناکام ہوگئی ہے اس لئے ملازمین کے پاس ہڑتال کے سوا کوئی اور راستہ نہیں رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تنخواہوں میں اضافہ کے اپنے مطالبہ میں نرمی کرتے ہوئے اسے 25 سے 23 فیصد کردیا ہے لیکن اسوسی ایشن اس کو بھی قبول کرنے تیار نہیں ہے ۔ وہ صرف 11 فیصد اضافہ کی پیشکش پر مصر ہے ۔ عوامی شعبہ کے بینکوں کی جانب سے پہلے ہی صارفین کو ہڑتال اور اس کے نتیجہ میں پیش آنے والی امکانی مشکلات سے واقف کروادیا ہے ۔ ملازمین کی تمام یونینوں نے ہڑتال میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے ۔
ضمانت روزگار اسکیم کو جاری رکھا جائیگا : حکومت کا اعلان
نئی دہلی 11 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابقہ یو پی اے حکومت کی قومی ضمانت روزگار اسکیم کو جاری رکھا جائیگا وار اسے ملک بھر میں لاگو کیا جائیگا ۔ نئے وزیر دیہی ترقیات چودھری بریندر سنگھ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے اسکیم کو 200 پسماندہ اضلاع تک محدود رکھنے کا امکان مسترد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کی رقم کسی علاقہ تک محدود نہیں ہے ۔