آج تیونس میںعرب لیگ کا سربراہی اجلاس

تیونس 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیڈروں کا سربراہی اجلاس آج اتوار 31 مارچ کو مسلمان افریقی ملک تیونس کی میزبانی میں ہو رہا ہے۔ یہ سمٹ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب الجزائر اور سوڈان میں سیاسی انتشار بڑھتا جا رہا ہے تو یمن میں خانہ جنگی شروع ہوئے چار برس مکمل ہو چکے ہیں۔ اطلاع ہے کہ اس سمٹ میں عرب رہنما مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کی جغرافیائی حاکمیت تسلیم کرنے کے حالیہ امریکی فیصلے کو مسترد کریں گے۔ عرب لیگ کے حکام نے بھی واضح کیا ہے کہ سمٹ میں شریک لیڈروں کا فوکس یقینی طور پر گولان کی پہاڑیوں کے معاملے کے ساتھ ساتھ دیگر فلسطینی مطالبات ہیں۔ اس کے علاوہ عرب لیگ کی سمٹ میں ایرانی اثر و رسوخ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی تقسیم بھی ایک اہم موضوع ہے۔