بنگلورو ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر اعلی ایچ ڈی کمار سوامی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر کیلئے بنگلورو کا متبادل تلاش کر رہے ہیں۔ کمار سوامی کے مطابق ان کی حکومت چاہتی ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی )سیکٹر اور زیادہ تیزی سے ترقی پائے اور وہ صرف بنگلورو تک ہی محدود نہ رہے۔ سی ایم کمار سوامی نے منی کنٹرول کے ساتھ خاص بات چیت میں اپنی حکومت کے آئی ٹی سے جڑے منصوبوں پر تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہبلی، منگلورو اور بیل گاؤں جیسے ٹائر۔2 اور ٹائر۔3 شہروں کو آئی ٹی ڈیسٹنیشن بنانے پر غورو خوض کر رہی ہے۔ اس سمت میں سابقہ سدا رمیا حکومت بھی پلان کر رہی تھی۔سی ایم کہتے ہیں ، ” اس سے آئی ٹی کا پسندیدہ ڈیسٹنیشن بن چکے بنگلورو پر دباؤ کچھ کم ہوگا۔ ا س شہر میں تیزی سے ہورہی ترقی کی وجہ سے مقامی انفراسٹرکچر پر کافی دباؤ پڑا ہے۔ "ہم چھوٹے شہروں کو فروغ دینے کیلئے آنے والے بجٹ میں کچھ انسینٹیو بھی اناؤنس کرنے والے ہیں”۔کمار سوامی نے کہا کہ پچھلی حکومت کی طرح ان کی سرکار بھی آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کے تئیں پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا "وہ ہمارا اہم سیکٹر ہے۔ آئی ٹی سیکٹر ہی نہیں دیگر شعبوں میں بھی بڑی تعداد میں روزگارکو فروغ دینے کی منصوبہ بندی بنا رہے ہیں’۔