نئی دہلی 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج کہاکہ مظفر نگر میں فسادات سے متاثرہ مسلم نوجوانوں اور پاکستانی جاسوس ادارہ آئی ایس آئی کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہے، لیکن دہلی پولیس کے اِس بیان سے اتفاق کیاکہ اِس علاقہ کے دو افراد نے لشکر طیبہ کے دو مشتبہ کارندوں سے ملاقات کی تھی۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا، ’’فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین سے آئی ایس آئی کے رجوع ہونے کا کوئی ثبوت یا انٹلی جنس اطلاعات نہیں ہیں‘‘۔ مملکتی وزیرداخلہ آر پی این سنگھ نے بھی 11 ڈسمبر 2013 ء کو پارلیمنٹ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ایسے ہی تاثرات کا اظہار کیا تھا۔ عہدیدار نے کہاکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ مغربی اترپردیش میں آئی ایس آئی کے چند کارندے سرگرم ضرور ہیں لیکن تاحال ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے کہ وہ مظفر نگر فساد متاثرین سے رجوع ہوئے تھے۔